اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے کے خلاف ثبوتوں کو الیکشن کمیشن نظراندز نہیں کرسکتا، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے،الیکشن کمیشن ضمیر خریدنے والوں کو نااہل قرار دے کراس کیس کو مثال بنائے۔
پیر کو الیکشن کمیشن میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری ریلوے فرخ حبیب نے کہا کہ سینٹ انتخابات سےقبل ویڈیو میں نظر آنے والے ارکان سامنے آجائیں گے انہوں نے تو حلف نامہ بھی دے دیا ہے۔الیکشن کمیشن ثبوتوں کو نظر انداز نہیں کرسکتا اور نہ ہم ایسا ہونے دیں گے۔یہ ویڈیوز ایسے موقع پرسامنے آئی ہیں کہ ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی اور ان کے بیٹے علی حیدر گیلانی کونااہل قراردے۔ ملیکہ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اس کیس کو مثال بنانے کا بڑا موقع ہے۔ضمیر فروشوں کے خلاف ہر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے پاس بہت اختیارات ہیں وہ انہیں استعمال کرے،سینٹ الیکشن میں قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں،یہ پی ٹی آئی اور پی پی پی کی نہیں بلکہ حق وباطل کی جنگ ہے ہم کیس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین مارچ کو پاکستان کے آئین کی دھجیاں بکھیری گئیں۔سینٹ الیکشن میں کمیشن نے کرپٹ پریکٹسز کو نہیں روکا۔