سرگودھا۔ 11 اگست (اے پی پی):یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کنٹونمنٹ بورڈ سرگودھا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ارسلان حیدر ہاشمی بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں اے پی پی کے اسٹیشن انچارج مخدوم شاہ لطیف، سرکاری افسران، صحافی برادری، سول سوسائٹی کے نمائندے اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا،
جس کے بعد سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی گئی۔ مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر کنٹونمنٹ بورڈ سرگودھا ارسلان حیدر ہاشمی اور اسٹیشن انچارج مخدوم شاہ لطیف نے چیئرمین اکادمی ادبیات پروفیسر ریٹائرڈ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم کے ہمراہ یومِ آزادی کی خوشی میں آزادی کا خصوصی کیک کاٹا جبکہ حاضرین نے پرجوش نعروں اور تالیاں بجا کر جشنِ آزادی کا ماحول مزید گرمادیا۔اس موقع پر سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں اپنی آزادی کی اہمیت اور اس کے لیے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اے پی پی کے اسٹیشن انچارج مخدوم شاہ لطیف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن قومی یکجہتی، اتحاد اور قربانیوں کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہمیشہ ملک کی مثبت تصویر اجاگر کرنے اور عوام میں حب الوطنی کے جذبے کو بڑھانے میں کردار ادا کرتا رہے گا۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم تھامے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے اور جشنِ آزادی کے جذبے کو تازہ کیا۔