اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان نے یومِ تکبیرکو قومی عزت اور طاقت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ملک کو کسی بھی جارحیت سے محفوظ رکھنے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ یوم تکبیر کے موقع پر سوشل میڈیا اکائونٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اختیار ولی خان نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی اپنی خودمختاری کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا پراعتماد اور پرعزم انداز میں جواب دینے کی صلاحیت کی یاد دہانی کراتا ہے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخ کے ایک نازک موڑ پر جب بھارت نے پانچ جوہری دھماکے کئے تو پاکستان نے چھ ایٹمی دھماکے کر کے اس کا جواب دیا ، دانشمندانہ قیادت نے ملک کی سلامتی کو نا قابل تسخیر بنایا۔ اختیار ولی خان نے اس موقع پر ملک کے سائنسدانوں، فوجی قیادت اور عوام کے جذبے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان ایک مضبوط جوہری قوت بن کر ابھرا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602509