اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری کی علامت ہے، معرکۂ حق میں کامیابی نے یومِ تکبیر کی اہمیت دوگنی کردی ،پاکستان کی ایٹمی طاقت پر پوری قوم کو فخر ہے،وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کا کردار لائقِ تحسین ہے ۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے یومِ تکبیر پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری کی علامت ہے،پاکستان نے 28 مئی کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت کا درجہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی طاقت پر پوری قوم کو فخر ہے،سائنسدانوں، ماہرین اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے والوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی نے یومِ تکبیر کی اہمیت دوگنی کردی۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ کرنے والی قومیں کبھی مایوس نہیں ہوتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کو ترجیح دی ہے،دنیا نے پاکستان کے پرامن کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع میں پاک فوج کا کردار لائقِ تحسین ہے۔یومِ تکبیر قومی فخر، اتحاد اور شکر گزاری کا دن ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602220