اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وزیرِ مملکت ریلوے اور وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کے سربراہ بلال اظہر کیانی نے یومِ تکبیر پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 ءکے ایٹمی دھماکوں کو 27 سال گزر گئے لیکن پاکستان کی خود مختاری، وقار اور سالمیت کے لئے ہمارا عزم اور بھی مضبوط ہوا ہے، 10 مئی 2025 کے معرکہ حق نے پھر ثابت کیا کہ پاکستانی قوم کا سر اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکے گا۔
انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف کو سلام جنہوں نے کسی دباؤ کی پرواہ نہ کی اور پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، ایٹمی پروگرام کے تمام ہیروز اور قوم کو سلام جنہوں نے وطن کی عزت، آزادی اور وقار کے لئے ہر قربانی دی۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یومِ تکبیر پر وطن کی حفاظت کے لئے ہر قربانی دینے کا عہد دہراتے ہیں، معاشی میدان میں بھی 28 مئی اور 10 مئی جیسے کارنامے دکھائیں گے۔