یومِ تکبیر پوری قوم کی جرأت، قیادت کی بصیرت، افواج کی صلاحیت اور سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے، نوابزادہ جمال خان رئیسانی

62
یومِ تکبیر پوری قوم کی جرأت، قیادت کی بصیرت، افواج کی صلاحیت اور سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے، نوابزادہ جمال خان رئیسانی

اسلام آباد/کوئٹہ۔28مئی (اے پی پی):رکنِ قومی اسمبلی پاکستان پیپلز پارٹی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 وہ دن ہے جب پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ یہ سرزمین اپنے دفاع، خودمختاری اور وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، یومِ تکبیر صرف ایک ایٹمی تجربہ نہیں بلکہ یہ پوری قوم کی جرأت، قیادت کی بصیرت، افواج کی صلاحیت اور سائنسدانوں کی شبانہ روز محنت کا اعتراف ہے۔

بدھ کو یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پہاڑوں نے بھی اس دن کی گونج کو محسوس کیا تھا، یہ وہی مٹی ہے جس کے بیٹوں نے دفاعِ وطن کے لئے اپنی جانیں قربان کیں اور آج بھی وطن کے ہر مورچے پر پہرہ دے رہے ہیں ، ہمیں فخر ہے کہ بلوچستان کے نوجوان جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور قیادت کے بہتر مواقع دے کر نہ صرف پسماندگی کا خاتمہ کریں گے بلکہ بلوچستان کو پاکستان کی ترقی کا حقیقی محور بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر اتحاد و یگانگت کا دن ہے ،ایک ایسا عہد جس میں بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ایک مضبوط، خودمختار اور پُرامن پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کے لئے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم نے نہ کل پیچھے ہٹنا سیکھا تھا، نہ آج جھکیں گے، یہی یومِ تکبیر کا پیغام ہے ،یہی بلوچستان کا کردار ہے۔