یومِ پاکستان وطن کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

82
ایوان بالا میں 21 یونیورسٹیوں کے سمر انٹرن شپ پروگرام کے آغاز کی باضابطہ منظوری دیدی گئی

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ پاکستان کا دن اپنے پیارے وطن کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے، قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں وطن عزیز کو ایک جدید، جمہوری، ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنا ہوں گی۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 23 مارچ کے موقع پر سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کا عہد کیا تھا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قراردادِ پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک مشترکہ منزل کی جانب گامزن کیا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اس وعدے کی تجدید کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس ملک کو ترقی، خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت اور علامہ محمد اقبال کے افکار کی روشنی میں ہمیں اس ملک کو ایک جدید، جمہوری، ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام توانائیاں صرف کرنی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا استحکام، آئین و قانون کی بالادستی، قومی یکجہتی ، اداروں کی مضبوطی ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تمام تر اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر ملکی ترقی و استحکام کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، ہمیں پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن کو ہمیشہ امن و استحکام عطا کرے اور اسے ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچائے۔