اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):یومِ پاکستان کے سلسلے میں منگل کو سفارتخانہ پاکستان برسلز میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یورپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستانی سفیرِ ظہیر جنجوعہ نے برصغیر کے مسلمانوں کی ایک آزاد وطن کے لئے تاریخی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا جہاں وہ پوری مذہبی ، ثقافتی اور معاشرتی آزادیوں کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے شاعر فلسفی ، علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات اور وژن کی اہمیت پر زور دیا جنہوں نے پاکستان کو ایک ترقی پسند ، اعتدال پسند اور جمہوری ملک ہونے کا تصور دیا۔
پاکستان کی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے سفیر ِ پاکستان نے حکومت کی طرف سے ان کے مسائل حل کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی تلقین کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس اہم دن پہ ، ہمیں اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف بہادری سے جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف انصاف کی جدوجہد میں مضبوطی سے کھڑا ہے۔