اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):یوم آزادی ، معرکہ حق کے موقع پر شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں دفاعی سازوسامان کی نمائش کی جائے گی، ملک بھر میں جشن یوم آزادی اور معرکہ حق کی تیاریاں عروج پر ہیں، 14اگست کے موقع پر شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں عوام الناس کے لئے خصوصی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا ۔ یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح پر افواج پاکستان کی جانب سے قابل فخر دفاعی سازوسامان کی نمائش کی جائے گی ، شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد صبح10بجے شہریوں کیلئے کھول دیا جا ئیگا۔
نمائش میں معرکہ حق کے دوران استعمال کئے گئے مختلف جنگی ہتھیار، طیارے، ٹینک اور دیگر فوجی ساز و سامان سمیت توپیں، راکٹ لانچر وہیکلز ، جنگی سامان بردار گاڑیاں اور بکتر بند بھی شامل ہیں جبکہ معرکہ حق میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ریڈارز بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ نمائش کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے فلائی پاسٹ اور پیرا جمپنگ کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
مزید برآں شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مختلف سٹالز، ثقافتی پروگرامز اور فوجی بینڈز بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور ملی نغموں کی دھنیں بجا کر عوام کی جذبہ حب الوطنی کو ابھاریں گے۔ واضح رہے کہ دفاعی سازوسامان کی نمائش کا مقصد ملک کے ہر شہری کو تاریخی دن کی خوشیاں بھرپور انداز میں منانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔