لاہور۔11اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کہا ہے کہ 14 اگست محض ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قربانیوں، جدوجہد اور عزم و ہمت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے آزادی کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی جان، مال اور گھربار قربان کر دیا۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان، وفاقی اور پنجاب حکومت کی محنت اور پالیسیوں کے باعث بہتری کی جانب گامزن ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے معیشت کی بحالی، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور تعلیم و صحت کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مہنگائی پر قابو پانے کے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ساجدہ فاروق تارڑ نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں فلاحی منصوبوں، ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، جدید تعلیمی سہولتوں کی فراہمی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے پروگرام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لیے سبسڈی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی مریم نواز کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم قومی یکجہتی اور باہمی محبت کے جذبے کو فروغ دیں تاکہ پاکستان دنیا میں ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بن سکے۔ انہوں نے ملک کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور ہر فتنے اور سازش سے محفوظ فرمائے۔