یوم آزادی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پرآج تمام جامع مساجد میں قرآن خوانی کی خصوصی محافل کا انعقاد کیاجائیگا،نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام ہوگا

263
یوم آزادی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پرآج تمام جامع مساجد میں قرآن خوانی کی خصوصی محافل کا انعقاد کیاجائیگا،نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام ہوگا

فیصل ۱ٓباد ۔13اگست (اے پی پی):وطن عزیز کے یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے پروقار موقع پر آج اتوار کوفیصل ۱ٓباد سمیت تمام شہروں کی جامع مساجد میں قرآن خوانی کی خصوصی محافل کا انعقاد کیا جائے گا۔محکمہ اوقاف فیصل ۱ٓباد کے ترجمان نے بتایا کہ ۱ٓج یوم آزادی پاکستان کے مبارک موقع پر تمام مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی، ملکی استحکام، اندرونی و بیرونی خلفشار سے نجات، جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت، قدرتی آفات، ناگہانی حادثات، افسوسناک سانحات سے بچاؤ، اتحاد بین المسلمین، بین المذاہب ہم آہنگی، اخوت و یگانگت، بھائی چارے کی فضاکے فروغ، انتہا پسندی، دہشت گردی سے نجات، عوامی خوشحالی، قومی فلاح، علاقائی تعمیر و ترقی، امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ آج یوم آزادی کے موقع پر شہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ وطن عزیز کی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے بھی اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا۔

دریں فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ فیصل آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب آج صبح کمشنر ز کمپلیکس میں ہوگی جہاں 8:58 بجے صبح سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جبکہ تقریب میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، کمشنر،آر پی او و دیگر محکموں کے افسران شرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر پولیس،سول ڈیفنس اور ریسکیو1122کے دستے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کریں گے جبکہ فضامیں غبارے اور کبوتر چھوڑے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب میں مختلف سکولوں کے بچے ملی نغمے پیش کریں گے۔علاوہ ازیں اس موقع پر شرکا میں مٹھائی بھی تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے بتایاکہ پرچم کشائی کی ایسی پروقار تقاریب فیصل آباد ڈویژن کے دیگر اضلاع جھنگ، چنیوٹ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر بھی منعقد ہوں گی۔یوم آزادی کے سلسلہ میں فیصل آباد ڈویژن کے شہروں میں شاہرات،چوکوں،عمارتوں،بازاروں اوردیگر عوامی مقامات کو قومی پرچموں،رنگ برنگ جھنڈیوں، محرابوں اوردیگر آرائشی اشیا سے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے جبکہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی بڑی بڑی تصاویر آویزاں کرنے کے علاوہ ان رہنماؤں کے فرمودات اور حب الوطنی کے نعروں پر مبنی بینرز بھی لگائے گئے ہیں۔اسی طرح تمام بڑی بڑی سرکاری عمارتوں،پلازوں اورمارکیٹوں پر دلکش انداز میں لائٹنگ بھی کی گئی ہے۔

مزید برآں شہری بھی یوم آزادی کے پروگرامز میں قومی جذبہ سے حصہ لے رہے ہیں جنہوں نے اپنی سائیکلوں،موٹرسائیکلوں اورگاڑیوں پر قومی پرچم لگارکھے ہیں نیز ضلعی انتظامیہ نے بھی آج یوم آزادی کے موقع پر رنگا رنگ پروگرامز ترتیب دیئے ہیں جن کے مطابق ہسپتالوں، جیلوں، دارالامان میں مٹھائیاں تقسیم کرنے کے علاوہ مختلف نجی وسرکاری اداروں میں ٹیبلو شو،ملی نغموں کے مقابلے،سپورٹس ایونٹس،کتابوں کی نمائش،سیمینارزاوردیگر پروگرامز کاانعقاد کیاجائیگا۔

یوم آزادی کے موقع پرشہدا ئے پاکستان کی قبروں پر پھول چڑھائے جائیں گے اوررات کے وقت سرکاری و نجی عمارتوں پرچراغاں ہوگا۔علاوہ ازیں محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکموں کی طرف سے بھی یوم آزادی کے سلسلہ میں مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔