28.5 C
Islamabad
ہفتہ, اگست 30, 2025
ہومقومی خبریںیوم آزادی کی تقریبات میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں...

یوم آزادی کی تقریبات میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں عوام کا آزادی کے ہیروز، آباؤ اجداد کو خراج عقیدت

- Advertisement -

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):یوم آزادی کے موقع پر قومی فخر پورے عروج پر ہے ، پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں جمعرات کو رنگارنگ تقریبات، ڈیجیٹل خراج تحسین اور قوم کیلئے قربانیوں کی تجدید کے عہد کے ساتھ یوم آزادی منایا گیا۔اسلام آباد سے مظفرآباد تک عوام نے کثیر تعداد میں ریلیوں، ثقافتی پروگراموں اور آتش بازی کے ذریعے جذبہ حب الوطنی کا اظہار کیا اور جدوجہد آزادی میں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔سکولوں، سرکاری عمارتوں اور عوامی مقامات کو سبز اور سفید رنگوں سے سجایا گیا جبکہ ہر جگہ پر حب الوطنی کے گیت اور نعرے گونجتے رہے۔ یوم آزادی کے روز اسلام آباد کے ایک شہری نے کہا کہ سرکردہ میڈیا اداروں کی جانب سے ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات، پریڈ اور عوامی تقریبات کی لائیو کوریج فراہم کی گئی جو قابل تحسین ہے۔

آزادی کے دن کی مناسبت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویڈیوز، تصاویر اور یکجہتی کے پیغامات سے بھر گئے ، شہریوں نے پاکستان کے سفر کی یادیں شیئر کیں۔ یوم آزادی کی خصوصی نشریات میں تحریک پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلمیں اور ٹاک شوز نشر کیے گئے، تجزیہ کاروں اور مورخین نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بانیان پاکستان کے وژن اور اقدار کو برقرار رکھیں۔ملک بھر کے مختلف شہروں کے رہائشیوں نے اپنے جوش و خروش کا بھر پور اظہار کیا اور کہا کہ ہر سال ہم جوش و خروش کے ساتھ جشن آزادی مناتے ہیں۔

- Advertisement -

جشن آزادی کے حوالہ سے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ اتحاد کا جذبہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے اور 78 واں یوم آزادی معرکہ حق کی مناسبت سے مزید اہمیت اختیار کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہئے اور آزادی کی قدر کو سمجھنا چاہئے۔ یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچموں، سبز اور سفید لباسوں اور دیگر مصنوعات کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جبکہ سبز اور سفید رنگوں اور حب الوطنی کے پیغامات پر مشتمل خصوصی طور پر تیار کئے گئے کیک بھی بے حد مقبول ہوئے۔

دوسری جانب نوجوانوں، سیاست دانوں اور مشہور شخصیات نے پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے پرجوش پیغامات سے سوشل میڈیا کو بھر دیا۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں یہ پیغام نمایاں تھا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، آئیے ایک روشن مستقبل بنا کر اپنے ماضی کا احترام کریں ۔ نوجوان کارکنوں نے امید اور اتحاد کا اظہار کرتے ہوئے گلیوں میں ہونے والی تقریبات کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں