آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، اسے قومی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ منایا جائے۔
یوم آزادی کے موقع پر جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے ، آئی جی اسلام آباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، اسے قومی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ منایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اسلام آباد پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے، جس کے تحت 4 ہزار سے زائد افسران و جوان سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔آئی جی اسلام آباد کے مطابق داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں، تفریحی اور حساس مقامات پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس افسران و جوان شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ قانون شکنی، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ جشن آزادی کی خوشیاں کسی دوسرے شہری کے لیے پریشانی یا خطرے کا باعث نہیں بننی چاہئیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پارکوں اور تفریحی مقامات پر خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ شہری جشن آزادی کے دوران خاندانوں، خواتین اور بچوں کی سہولت و احترام کا خصوصی خیال رکھیں، خوشیاں ضرور منائیں مگر قانون کی پاسداری اور دوسروں کے حقوق کا بھی خیال رکھا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وطن، قوم اور بہادر افواج پاکستان پر فخر ہے، آزادی کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس تاریخی دن پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس پُرامن جشن آزادی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے 24 گھنٹے الرٹ ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ایمرجنسی یا ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں پکار 15، 1915، 1715 اور 1815 پر اطلاع دیں۔







