فیصل آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی):یوم آزادی کے موقع پر جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع فیصل آباد کا اہم اجلاس قا ری محمد ارشد ناظم اعلیٰ مرکزیہ ضلع کی زیر صدارت مرکزی دفتر امیں پور بازارفیصل آباد میں منعقد ہواجس میں ضلعی نائب امیر مولانا بہادر علی سیف،قاری بشیر احمد عزیزی سینئر نائب امیر، مولانا اشرف جاوید امیر جڑانوالہ،حنظلہ طور ناظم تاندلہ،سعید احمد انصاری ناظم تحصیل صدر،ڈاکٹر ایوب صدیقی تحصیل ناظم سمندری، ابوبکر پٹوی صدر یوتھ فورس ضلع، شیخ نصر اللہ سینئر نائب ناظم ضلع،قاری عبدالخالق بخاری ناظم مالیا ت سمندری،مولانا محمدافتخارناظم تبلیغ ضلع، مولانا حبیب الرحمن ساجد ناظم تبلیغ تحصیل صدر،افتخار احمد فراز نائب ناظم ضلع،عبدالحفیظ انور، میاں طیب ودیگر تحصیلوں کے امیر و ناظم ا ورذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس میں 14 اگست کو سیمینارز اور ریلیاں نکال کریوم آزادی بھرپور انداز میں منانے پر اتفاق کیاگیا۔اس موقع پر کہا گیا کہ ہر ذمہ داراپنی تحصیل میں 14 اگست کے دن سیمینارمنعقد اور ریلیوں و جلوس وغیرہ کا اہتمام کرے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے ذمہ داران نے کہاکہ قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں نوجوانوں کا کردار مثالی تھا، نوجوانوں نے بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے ہراول دستہ کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین کو آزاد ہوئے 77سال مکمل ہو گئے ہیں اور پاکستان کے باسیوں میں جشن آزادی منانے کا جوش و ولولہ ہر آنے والے سال کے ساتھ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیاکہ جماعت اہلحدیث کے ذمہ داران ملک کی تعمیروترقی میں اپنا حصہ ڈالنے سمیت اچھے شہری بن کر ملک و ملت کی خدمت کریں گے۔