یوم آزادی کے موقع پر ہم بانیانِ ملت کی بصیرت ، قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ، ہر اس نسل کو سلام پیش کرتے ہیں جو پاکستان کو آگے لے کر گئی،شزہ فاطمہ خواجہ

وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نےکہا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر، میں اپنے وطن اور دنیا بھر میں مقیم تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ، آج ہم اپنے وطن کی آزادی کی 79 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نےکہا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر، میں اپنے وطن اور دنیا بھر میں مقیم تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ، آج ہم اپنے وطن کی آزادی کی 79 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے دن، ہم اپنے بانیانِ ملت کی بصیرت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور ہراس نسل کو سلام پیش کرتے ہیں جو پاکستان کو آگے لے کر گئی۔ ہم وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہیں جنہوں نے عزم، اعتماد اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کی رہنمائی کی ہے۔ معرکہ حق میں فتح نے ہماری قومی جرات اور لچک کا مظاہرہ کیا، جس سے پاکستان کے موقف کو تقویت ملی اور عالمی سطح پر مزید احترام حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کےعوام ہیں—نوجوان، باصلاحیت اور باہمت—اور ہم ان کی صلاحیتوں کو ترقی میں بدلنے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ آج، پاکستان ایک ٹیکنالوجی کے صارف سے ہٹ کر ایک خالق، جدت طراز اور برآمد کنندہ بننے کی سمت مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم وسیع کنیکٹیویٹی، جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مستقبل بین پالیسی فریم ورکس، سازگار قانون سازی، ڈیجیٹل شمولیت اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری کے ذریعےڈیجیٹل طور پر بااختیار پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ ہم قومی سطح پر مصنوعی ذہانت کے اقدامات کو آگے بڑھا رہے ہیں، ڈیجیٹل ریگولیٹری ماحول کو مضبوط بنا رہے ہیں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے لیے انفراسٹرکچر کو وسعت دے رہے ہیں اور اپنے نوجوانوں کو ڈیجیٹل اور ہائی ٹیک مہارتوں کی تربیت دے رہے ہیں۔ جدت طرازی کے پلیٹ فارمز، نمائشیں اور سٹارٹ اپ کے اقدامات پاکستانی صلاحیتوں کو ملک کے لیے حل تیار کرنے اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے مزید مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نےکہا کہ ہماری پیشرفت نتائج دے رہی ہے۔ مالی سال 26۔2025میں آئی ٹی کی برآمدات 21 فیصد نمو کے ساتھ ریکارڈ 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ پاکستان کی آئی سی ٹی ڈویلپمنٹ انڈیکس کی درجہ بندی میں 27 درجے کی بہتری آئی ہے۔ ہمارا عزم واضح ہے: مضبوط انفراسٹرکچر، محفوظ ڈیٹا، عالمی سطح پر مسابقتی ٹیلنٹ اور ایک جامع انوویشن ایکو سسٹم کے ساتھ ایک ایسا ڈیجیٹل پاکستان بنانا جو ہر شہری کے لیے مواقع پیدا کرے۔جدت پسند، جڑا ہوا، محفوظ اور عالمی سطح پر مسابقتی ہے ۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئیے ہم اس یومِ آزادی پراپنے ماضی کا احترام کریں، اپنی پیشرفت کو آگے بڑھائیں اور ایک ایسے پاکستان کے لیے کام کریں جو نہ صرف مستقبل کو اپنائے، بلکہ اسے تخلیق کرے اور اس کی قیادت کرے۔پاکستان زندہ باد۔