حیدرآباد۔ 05 اگست (اے پی پی):یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلع انتظامیہ حیدرآباد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی قیادت میں شہباز بلڈنگ سے پوسٹ ماسٹر جنرل کے دفتر تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج کشمیریوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا دن ہے اور ہم اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر 1947 سے آج تک جاری ظلم و بربریت کا خاتمہ کرے۔
انہوں کہا کہ جس طرح بھارت ہٹ دھرمی سے آرٹیکل 370 کی خلاف ورزی کر رہا ہے اس حوالے سے ہم آج پرامن طریقے سے دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دہشتگردی پاکستان نے نہیں بلکہ بھارت نے پھیلا رکھی ہے جس کا ثبوت مقبوضہ کشمیر ہے۔ ڈپٹی کمشنر حیدر آباد زین العابدین میمن نے مزید کہا کہ ہم امن کی علمبردار عالمی تنظیموں کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس پر کسی بھی قسم کی سودے بازی نہیں کی جاسکتی۔ ریلی میں ایڈیشنل کمشنر ٹو منظور لغاری، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ سٹی بابرصالح راہپوٹو ،اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ لطیف آباد سعود بلوچ، مختیار کار قاسم آباد فرحان جتوئی سمیت سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔