23.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 10, 2025
ہومقومی خبریںیوم استحصال کشمیر کے موقع پر ہم جموں وکشمیر کے عوام کی...

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ہم جموں وکشمیر کے عوام کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں ،وفاقی وزیرانجنیئر امیر مقام

- Advertisement -

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ہم جموں وکشمیر کے عوام کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بنیادی حق ،حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں،پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کوجموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر کے اس کی عالمی تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کا مذموم قدم اٹھایا تھا، بھارت کے ان اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں اقلیت بنا کر انہیں بے اختیار بنانا تھا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ظلم وبربریت میں مسلسل اضافہ کیا ہے، میڈیا کی آواز دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا ہے ، معروف کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کےلئے قابض حکام سرگرم ہیں، بے گناہ کشمیریوں کو ہراساں کرنا ، انہیں غیر قانونی حراست میں رکھنا، بستیوں کے محاصرے اور گھروں کی تلاشی اور ماورائے عدالت قتل معمول بن چکا ہے، کشمیری عوام اظہار رائے کی آزادی اور عوامی اجتماعات کے حق سے محروم ہیں، سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ اپنے عالمی سطح پر تسلیم شدہ ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول سے بھی قاصر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ہم جموں وکشمیر کے عوام کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ر خلاف ورزیوں کے خاتمے ، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کو واپس لینے ، ریاست میں رائج کالے قوانین کے خاتمے ، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور جموں وکشمیر کے تنازعے کے حل سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

امیر مقام نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کےلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490592

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں