38.2 C
Islamabad
پیر, مئی 19, 2025
ہومتازہ ترینیوم تشکر قومی فخر، اتحاد اور وقار کی علامت ہے، سفیر رضوان...

یوم تشکر قومی فخر، اتحاد اور وقار کی علامت ہے، سفیر رضوان سعید شیخ کا تقاریب سے خطاب

- Advertisement -

واشنگٹن ۔19مئی (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے لاس اینجلس میں پاکستان کی مسلح افواج کو وطن کے بہادرانہ دفاع پر خراج تحسین پیش کرنے کے لئے "یوم تشکر "کی مختلف تقریبات میں شرکت کی۔فرینڈز آف پاکستان (ایف او پی) کے زیر اہتمام ہونے والی اس تقریب میں کیلیفورنیا اور نیواڈا سے پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ انہوں نے فرینڈز آف پاکستان (ایف او پی ) اور پاکستان۔امریکن ٹیک کونسل (PAKAMTECH) کے زیر اہتمام الگ الگ تقریبات میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے لاس اینجلس میں پاکستان ہاؤس میں امریکی سینیٹر باب آرچولیٹا اور ڈیٹا انٹیلی جنس پلیٹ فارم Datarocx کمپنی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں اس موقع پر امریکا کو مضبوط بنانے میں پاکستانی۔امریکی تارکین وطن کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈا لی اور کاروبار، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت جیسے متنوع شعبوں میں ان کی شاندار شراکت کا اعتراف کیا۔ تقریب کئی وفاقی، ریاستی اور مقامی منتخب عہدیداروں، سفارتی کور کے ارکان، اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے سرکردہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ پاکستانی سفیر نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران مسلح افواج کی جانب سے دکھائی گئی بہادری کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسے معرکہ حق قرار دیا ۔ انہوں نےکہا کہ یوم تشکر قومی فخر، وقار اور اتحاد کی علامت ہے۔

- Advertisement -

پاکستانی سفیر نے حالیہ جنگ بندی کو آسان بنانے میں امریکی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اور جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے پرامن حل کے لئے امریکی اقدامات کا اعتراف کیا۔کونسل آف پاکستان کی تقریب میں، پاکستانی سفیر نے امن، سلامتی اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جنوبی ایشیا میں بدلتی ہوئی علاقائی حرکیات کے بارے میں اظہار خیال کیا۔انہوں نے بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کی خودمختاری اور وقار کو برقرار رکھنے کے لئےآپریشن "بنیان مرصوص ” کو قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے تصور کی اہمیت کے طور پر کو اجاگر کیا۔ پاکستا نی سفیر نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے پرامن حل پر پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے امن اور پائیدار ترقی کے درمیان ناقابل تقسیم ربط کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی خوشحالی کا انحصار بنیادی تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر ہے۔انہوں نے پاکستان اور ریاست کیلیفورنیا کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات خاص طور پر ٹیکنالوجی، صاف توانائی، اعلیٰ تعلیم اور اختراع کے شعبوں میں پر بھی زور دیا۔ انہوں نے دونوں معیشتوں کی طاقت کو بروئے کار لانے کے لئے ادارہ جاتی اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی کا کردار پاکستان اور امریکا کو مضبوط بنانے میں اہم ہے۔

انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور ایک قابل قدر دوست کے طور پر امریکا کے ساتھ قریبی تعلق رکھنے کے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔بعد ازاں، سفیر شیخ نے لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل میں پاکستان امریکن ٹیک کونسل (PAKAMTECH) کے اجلاس کی صدارت کی جس میں قونصل جنرل عاصم علی خان کے ساتھ کونسل کے 40 سے زائد ممبران نے شرکت کی، جس میں امریکی ٹیکنالوجی ایکو سسٹم سے سینئر ایگزیکٹوز، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔اپنے کلیدی کلمات میں سفیر نے پاکستان اور امریکا کے اختراعی ماحولیاتی نظام کے درمیان گہرے روابط کو فروغ دینے میں پاکستانی۔امریکی ٹیکنالوجی کے شعبہ سے وابستہ افراد کی اقتصادی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کونسل کی سرگرمیوں کی تعریف کی اور ٹیکنالوجی پارٹنرشپ کے لئے شفاف، مستقبل کے حوالے سے اور سرمایہ کاروں کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔اپنے استقبالیہ خطاب میں قونصل جنرل عاصم علی خان نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کے فعال تعاون کی تعریف کی اور دو طرفہ ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے روابط کو آگے بڑھانے میں قونصلیٹ کے مسلسل تعاون کو اجاگر کیا۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان کی تیزی سے پھیلتی ہوئی آئی ٹی انڈسٹری کا ایک خاکہ پیش کیا، اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مالی سال 24 ۔ 2023 میں آئی ٹی کی برآمدات 3 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں، جس میں امریکا کو برآمدات کا حصہ 70 فیصد سے زیادہ ہے۔

انہوں نے سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، بی پی او (بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ) ، فنٹیک، اے آئی، اور کلاؤڈ سروسزمیں پاکستان کی بڑھتی ہوئی مسابقت پر روشنی ڈالی۔ اراکین کو حکومت پاکستان کی جانب سے ڈیجیٹل معیشت میں غیر ملکی اور تارکین وطن کی سرمایہ کاری میں معاونت کے لیے پیش کردہ مضبوط ترغیبات کے بارے میں بتایا گیا۔انہوں نے سرمایہ کاروں کی سہولت اور منظوریوں کو ہموار کرنے میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی ) اور سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے ) کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598709

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں