لاہور۔16مئی (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں تاریخی فتح پر یوم تشکر کے حوالے سے پنجاب بھر میں189 ریلیاں، پرچم کشائی تقاریب اور قرآنی خوانی سمیت دیگر تقریبات منعقد کی گئیں،اس موقع پر منعقدہ ریلیوں،دعائیہ تقاریب و دیگر پروگرامز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔
جمعہ کے روز تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹریفک، ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ فورس سمیت تمام فارمیشنز کے جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھے اور سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے ریلیوں کے روٹس کی مانیٹرنگ کی گئی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ریلیوں کے روٹس پر ٹریفک کے بلاتعطل بہائو کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کئے گئے جبکہ ڈولفن سکواڈ،پولیس رسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس ٹیموں نے مساجد،عبادت گاہوں اور اہم مقامات کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کی گئی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597827