37.7 C
Islamabad
اتوار, مئی 18, 2025
ہومقومی خبریںیوم تشکر کے حوالے سے وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں پروقار...

یوم تشکر کے حوالے سے وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں پروقار تقریب

- Advertisement -

راولپنڈی۔18مئی (اے پی پی):یوم تشکر کے حوالے سے وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کا مقصد بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی عظیم الشان عسکری اور سفارتی کامیابیوں پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا اور آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر مسلح افواج اور پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف آرتھوپیڈک سرجن اور آرمی میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل و ڈین پروفیسر ڈاکٹر سہیل امین تھے۔

تقریب میں ممتاز مہمانان گرامی، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سہیل امین نے اپنے خطاب میں پاکستان کی سیاسی قیادت، مسلح افواج اور پوری قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ باہمی اتحاد، یقین اور قربانی کے جذبے کے ساتھ ایک ناقابل تسخیر دیوار بن کر دشمن کے مقابل صف آرا ہوئی۔ پاکستان نے اپنے دفاع کے جائز حق کا استعمال کرتے ہوئے آپریشن "بنیان مرصوص” کے ذریعے بھارتی فوجی اڈوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی عسکری اعتبار سے نہایت کامیاب رہی جس نے دشمن کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا اور پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت و حوصلے کا عملی ثبوت فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

- Advertisement -

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر سعد اسد، اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی آفتاب اشرف اور نیشنل پریس کلب کے سینئر نمائندے رفیق بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے اپنے خطاب میں قوم کے غیر متزلزل عزم کو سراہا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ اس موقع پر پروفیسر ادریس بٹ نے 1965 کی جنگ اور لائن آف کنٹرول کے اپنے مشاہدات شرکاء سے شیئر کیے۔ ان کے پرجوش اور جذباتی الفاظ سن کر سامعین کی آنکھیں نم ہو گئیں اور وطن سے محبت کے جذبے کو ایک نئی جلا ملی۔

قائم مقام پرنسپل وطیم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر مظہر ملک اور پرنسپل وطیم ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر بریگیڈیئر (ر) سید گلزار بخاری نے طلبہ میں حب الوطنی کے فروغ میں تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین اور سی ای او وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرشید میاں نے اپنے اختتامی خطاب میں پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور اس کے وقار کی حفاظت کو قوم کی اجتماعی ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محض ایک ریاست نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے جس کی بنیاد قربانیوں پر رکھی گئی۔

اس کی عزت، وقار اور سالمیت کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ تقریب میں ملی نغمہ "اے راہ حق کے شہیدو” کو پروفیسر ڈاکٹر مدیحہ علی نے پرسوز انداز میں پیش کیا۔ طلبہ نے قومی جذبات سے لبریز تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ تقریب میں "معرکہ حق” کے عنوان سے ایک پوسٹر مقابلہ بھی منعقد کیا گیا جس میں نوجوانوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان کی بھارت پر تاریخی فتح کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ ڈاکیومینٹری اور مختصر فلمیں بھی دکھائی گئیں جنہیں مہمانان گرامی اور شرکاء نے بے حد پسند کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598349

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں