29.4 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومقومی خبریںیوم تکبیر قوم کے عزم، استقلال اور دفاع وطن کے ناقابلِ تسخیر...

یوم تکبیر قوم کے عزم، استقلال اور دفاع وطن کے ناقابلِ تسخیر جذبے کا مظہر ہے،اس تاریخی سفر کا آغاز بانی ایٹمی پروگرام، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یوم تکبیر قوم کے عزم، استقلال اور دفاع وطن کے ناقابلِ تسخیر جذبے کا مظہر ہے،اس تاریخی سفر کا آغاز بانی ایٹمی پروگرام، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا ۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بدھ کو یوم تکبیر 28 مئی کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ایک جرات مندانہ فیصلہ کیا، پاکستان ایٹمی قوت بن کر امتِ مسلمہ کا پہلا ایٹمی ملک بن گیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے جو ہمیں اُن تمام عظیم رہنماؤں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس تاریخی سفر کا آغاز بانی ایٹمی پروگرام، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا ،ذوالفقار علی بھٹو کے اس ویژن اور دور اندیشی نے پاکستان کو وہ سمت عطا کی جس کا ثمر ہمیں 1998 میں ملا۔

- Advertisement -

چیئرمین سینیٹ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے ایٹمی ویژن کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ بطور وزیر اعظم قومی ایٹمی پروگرام کی بھرپور سرپرستی کی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں مگر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یومِ تکبیر پر ہم ان تمام شہداء، سائنسدانوں، محب وطن رہنماؤں اور افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602237

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں