یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے قومی غیرت، بے مثال جرأت و بہادری کی علامت کا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

212
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پوری قوم کو ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے، یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرأت و بہادری کی علامت کا دن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 28 مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابل فراموش دن ہے، اس دن ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پیغام دیا گیا کہ پاکستان کیخلاف جارحیت کرنے والوں کاانجام عبرت ناک ہوگا، ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان نے دشمن ملک بھارت کی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے، پوری قوم کو ایٹمی طاقت ہونے پر فخر ہے، یوم تکبیر پاکستانی قوم کے لیے قومی غیرت، قوم کی بے مثال جرأت و بہادری کی علامت کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہونے کے باعث مسلم اُمہ میں منفرد حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی ،ایٹمی سائنسدانوں اور پاک افواج کی قابل ستائش خدمات کی بدولت پاکستان کو ایک ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کے لیے قومی قیادت کے غیر متزلزل عزم کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔