یوم تکبیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے فیصل آباد میں ریلی کا انعقاد

245

فیصل آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی):فیصل آباد میں منگل کو یوم تکبیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے ریلی کا انعقادکیا گیاجس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر شہاب اسلم اور سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رؤف احمد نے کی جبکہ اس موقع پرمختلف ضلعی محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہوکر کچہری بازار چوک پہنچی،ریلی کے شرکا نے سبز ہلالی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر یوم تکبیر کے حوالے سے نعرے درج تھے۔

یوم تکبیر ریلی کے شرکاپاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر شہاب اسلم، سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رؤف احمداور دیگر مقررین نے کہا کہ یہ دن ہمیں 28 مئی 1998 کو3 بجکر16 منٹ30 سیکنڈ کے ان تاریخ ساز و یادگار لمحات کی یاددلاتا ہے جب پاکستان کاعالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بننے کا خواب حقیقت میں بدل گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں 28 مئی یوم تکبیر کادن انتہائی اہمیت کا حامل ہے یہی نہیں بلکہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے بے مثال اتحاد کی یاد دلاتا ہے

کیونکہ 1998 میں آج ہی کے دن اعلیٰ ترین ملکی سیاسی وعسکری قیادت، ایٹمی سائنسدانوں اور پوری قوم نے وطن عزیزکی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گاجبکہ یوم تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یادبھی دلاتا ہے

۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکبیراس عہد کی تجدید کابھی دن ہے کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کبھی کوئی آنچ نہیں آنے دی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ28 مئی یوم تکبیر اس وقت کی سیاسی و عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرنے کابھی دن ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی1998 کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایاگیا تھا ویسے ہی ہم سب مل کر شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔