یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،سابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف

170
شہبازشریف

لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدرمحمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

بدھ کوجاری بیان میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ جنگ ستمبر عوام اور فوج کے دفاع وطن کے لئے ایک جان ہوکر لڑنے کی سنہری تاریخ کا یادگار دن ہے ،یہ وہی دن ہے جب پاکستان کے شیر دل عوام اور افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ، بحریہ اور بری افواج نے جنگ ستمبر میں اپنی بے مثال شجاعت، بہادری اور پیشہ وارانہ لیاقت ومہارت کا لوہا منوایا۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن قوم شہدا کو خصوصی سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ارض پاک کی بقا اور سلامتی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب دشمن نے للکارا تھا تو پوری قوم ہر طرح کی تقسیم مٹا کر ایک ہو گئی تھی، آج ایک بار پھر اسی طرح پاکستان کے لئے ایک ہونے کی ضرورت ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ ستمبر سبق ہے کہ قوم کا اتحاد، مضبوط فوج اور معاشی ترقی ہی ہماری بقا کا راستہ ہے ۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم سے پاکستان کے دفاع، ترقی اور معاشی خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ سابق وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کے درجات بلند اور پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائے۔