یوم دفاع کے حوالے سے ایف سی کیمپ تربت میں تقریب کا انعقاد

157
یوم دفاع

کوئٹہ۔ 05 ستمبر (اے پی پی):یوم دفاع کے حوالے سے ایف سی کیمپ تربت کے مقام پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ایف سی بلوچستان کے بریگیڈیئر وقاص احمد تھے ۔اس دوران تقریب میں ایف سی بلوچستان ، اینٹی نارکوٹکس فورس ، ایئر پورٹ سیکورٹی فورس ، بلوچستان پولیس اور بلوچستان لیویز فورس کے جوانوں نے مقابلوں میں حصہ لیا۔اس موقع پر ایف سی بلوچستان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رسہ کشی اور فائرنگ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور مقابلہ دیکھنے والے شائقین سے داد وصول کی۔

بریگیڈیئر وقاص احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن وامان کے قیام کے حوالے سے خدمات سرانجام دینے والے اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمارے اپنے ہیں اور وطن کی سلامتی کے لیے ان اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم ہر وقت اپنی فورسز کے جوانوں کی سپورٹ اور حوصلہ افزائی کریں تاکہ وطن عزیز کی حفاظت کے دوران انکا مورال ہمیشہ بلند رہے اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے جاسکیں۔آخر میں تقریب میں حصہ لینے والے مختلف فورسز کے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔