فیصل آباد۔ 03 ستمبر (اے پی پی):یوم دفاع 6 ستمبرکو سرکاری سکولوں میں شایان شان و بھرپور انداز سے منایا جائے گااس ضمن میں وسیع پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں۔ڈویژنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن ڈاکٹر کشورناہید رانا نے اجلاس کی صدارت کی۔سی ای اوز ایجوکیشن کاشف ضیاء، ڈاکٹر ظفراقبال،ڈاکٹر طاہر منصور،ملک محمد سرور،ایڈیشنل ڈائریکٹرز محمد ریاض،راؤ عتیق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار محمد ساجد،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منظور احمد ملک اور دیگر افسران موجودتھے
۔ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن نے کہا کہ یوم دفاع کی تقریبات روایتی جوش و جذبے سے منانے کے لئے تیاریاں فوری مکمل کریں اور تقریبات کے مہمانان خصوصی شہداء کی فیملیز اور پاک فوج کے ریٹائرڈ افسران ہونگے۔انہوں نے سکولوں میں تقاریر،ملی نغمے،ٹیبلوز، مصوری اور پینٹنگز کے مقابلے کرانے کی تاکید کی اور کہا کہ باوقار اور خودار اقوام اپنے ہیروز کوہمیشہ بلند آہنگ یاد رکھتی ہیں۔6ستمبر 1965 کے معرکے میں پاکستان کے بہادر عوام و افواج نے دشمن کے ارادوں کو شکست دی۔ تقاریب میں 1965ء کی جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔اجلاس میں سی ای اوز نے ترتیب دیئے گئے پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔