برسلز۔27اکتوبر (اے پی پی):یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اتوار کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق ناظم الامور فراز زیدی، ہیڈ آف چانسری محمد عادل اور قونصلر پریس صغیر وٹو نے صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم/ وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ ان پیغامات میں کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
فراز زیدی نے 27 اکتوبر کی عالمی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن، جسے عالمی سطح پر یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا ہے، نہتے اور بے گناہ کشمیری جو جرات کے ساتھ اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں پربھارت کی وحشیانہ دہشت گردی کی یاد دلاتا ہے، پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے صدر عمران ثاقب نے کشمیری عوام کی مسلسل استقامت اور جدوجہد کو سلام پیش کیا۔ کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی توجہ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سفارت خانے نے ایک ہفتہ طویل تصویری نمائش کا انعقاد کیا جس میں کشمیری عوام کے تجربات اور لچک کو اجاگر کیا گیا اور ان کی جدوجہد کے بارے میں مزید بصیرت فراہم کی گئی۔ تقریب کا اختتام امن، انصاف اور مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا جس میں بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے حقوق کی وکالت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔