یوم سیاہ کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا پیغام

154

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب ہندوستان نے عالمی قانون، غیور کشمیری عوام کی امنگوں اور حقوق کو پامال کرتے ہوئے مسلم اکثریتی آبادی پر مشتمل ریاست جموں کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرلیا، یہ وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے کشمیری عوام کو محکوم بنانے کیلئے اپنی افواج جموں وکشمیر میں اتاریں۔وفاقی وزیر نے ستائیس اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بہادر کشمیری گذشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی ظلم، جبر و استبداد اور ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں اور اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے عظیم جدوجہد کر رہےہیں، بھارت نے 5 اگست 2019 کو یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات سے غیر قانونی طور پر اپنے زیر تسلط متنازعہ علاقے کی حیثیت میں تبدیلی لانے کی سازش کی اور اس طرح بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی دھجیاں بکھیر دیں۔5 اگست 2019 کے بعد فسطائی اور انتہا پسند مودی حکومت نے غیر قانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام پر ظلم و جبر کی ایک نئی سیاہ رات مسلط کر دی۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصہ سے جاری کرفیو نے مقبوضہ خطے کے کشمیریوں سے دنیا کا رابطہ منقطع کر دیا،وادی جنت نظیر آج جیل بن چکی ہے، مکمل بلیک آئوٹ ہے، روزمرہ اشیا خوردونوش کی قلت ہے اور ادویات و علاج میسر نہیں، معصوم اور کم سن بچے محصور اور قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قابض بھارتی افواج کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق پائوں تلے روند رہی ہیں، نوجوانوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ماورائے عدالت ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور سیاسی قیادت پابند سلاسل ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا ہےکہ بھارت جان لے کوئی ظلم اور جبر کشمیریوں کو انکی خود ارادیت کے حق کی منزل سے دور نہیں کر سکتا، اقوام متحدہ اور مہذب دنیا کشمیریوں کو ان کے جائز، قانونی اور جمہوری حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ جموں و کشمیر ایک مسلمہ متنازعہ علاقہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے میں مضمرہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے سب سے بڑے فورم پر دو بار مظلوم کشمیریوں کا مقدّمہ پوری قوت کے ساتھ پیش کرچکے ہیں۔ انہوں نے کشمیریوں کے جائز اور قانونی حقوق کی بھرپور انداز سے ترجمانی اور وکالت کا فرض ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیروں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا۔ ہم کشمیری بہن بھائیوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت آزادی کا سورج طلوع ہونے تک جاری رکھیں گے۔