فیصل آباد۔ 27 مارچ (اے پی پی):آرپی او فیصل آبادڈاکٹر محمد عابد خان نے یوم شہادت حضرت علی ؓکے حوالہ سے ریجن فیصل آباد میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کیلئے سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد، ڈسٹرک پولیس آفیسرز جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کوہدایات جاری کی ہیں۔ ترجمان رضوان بھٹی نے بتایا کہ آرپی او فیصل آبادڈاکٹر محمد عابد خان نے سی پی او فیصل آباد، ڈی پی او جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورت حال اور زمینی حقائق کے پیش نظر امام بارگاہوں، مجالس اور جلوس ہائے کے روٹس کا از سر نو جائزہ لے کر جامع اور بروقت سکیورٹی پلان جاری کیے جائیں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ امن وامان کے قیام اور نقص امن سے بچاؤ کیلئے ضلعی لیول پر بالخصوص اور تھانہ کی سطح پر بالعموم امن کمیٹیاں سر گرم اور فعال کی جائیں اور انکے ساتھ با مقصد میٹنگز منعقد کر کے تمام کشیدگی والے پوائنٹس کے حل کیلئے مناسب لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ اشتعال انگیز مواد کی تشہیر، اسلحہ کی نمائش کرنیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سی پی اوز اور ڈی پی اوز فیصل آباد ریجن اپنے اپنے ضلع میں شہادت حضرت علی ؓ کے پروگراموں کی سکیورٹی کی بابت ترتیب دیے گئے سکیورٹی پلان کو سپروائز کریں گے۔تمام بڑے جلوسوں اور مجالس کی سپرویژن متعلقہ ایس ڈی پی اوز، سی پی اوز اور ایس ایچ اوز خود کرینگے۔ حساس جلوسوں کے روٹس کے اردگرد حصار قائم کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں پر پکٹ قائم کی جائیں اور چھت ڈیوٹی لگائی جائے۔ بذریعہ سپیشل برانچ روٹ ہائے جلوس پر سکریننگ، سویپنگ کا بندوبست کیا جائے۔
سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور میٹل ڈیٹیکٹر سے باڈی سرچ عمل میں لائی جائے۔آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے احکامات جاری کر تے ہو ئے کہا کہ تمام نفری کو قبل از ڈیوٹی سینئر پولیس افسران بریف کریں اور اینٹی رائٹ اور دیگر سامان سے لیس کیا جائے۔ جہاں ضرورت ہو وہاں لیڈیز پولیس کو بھی تعینات کیا جائے۔ ایلیٹ اور موبائل گشت ڈولفن سکواڈ ہمہ وقت جاری رہے۔ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی سے قریبی روابط رکھے جائیں تاکہ کسی بھی تھریٹ الرٹ کی صورت میں ضروری اقدامات عمل میں لائے جاسکیں اور دہشت گرد، شر پسند عناصر اپنے مضموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں اور امن و امان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جاسکے۔