لاہور۔22مارچ (اے پی پی):یوم شہادت علی علیہ السلام اور ماہ صیام کے آخری عشرہ کے دوران پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ ،سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز کو تیز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 30سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کے دوران965 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 7مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 491کومبنگ آپریشنز کے دوران17ہزار سے زائد مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی اور73مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سرچ آپریشنز اور چیکنگ کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 509 اشتہاری، 216عدالتی مفرور اور86عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا ،جرائم پیشہ و مشتبہ افراد کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔انہوں نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران 2پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے جبکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 4مجرمان زخمی جبکہ 3 کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پنجاب پولیس کی فرضی مشقیں بھی جاری ہیں، ان مشقوں میں پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔