اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):13جولائی کادن اُن 22 کشمیری مؤذنوں کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہیں 13 جولائی 1931 میں مہاراجہ کشمیر کے سپاہیوں نے اذان کی ادائیگی کے دوران سری نگر جیل کے باہر قتل کر دیا تھا۔جبکہ بے شمار مسلمانوں کو گرفتار بھی کیا گیا،یہ ایسی اذان تھی جسے 22 مؤ ذنوں نے اپنی جانیں دے کر مکمل کیا تھا۔اس اذان کی گونج آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں موجزن ہے۔
ریاستی دہشت گردی کے باوجود بھارت کشمیریوں کی آواز کو دبانے میں مسلسل ناکام رہا ہے،ایک لاکھ کشمیری شہدا کا خون تحریک آزادی کشمیر کے زندہ ہونے کی دلیل ہے۔یوم شہدائے کشمیر 91 سال سے ہر سال 13 جولائی کو منایا جاتا ہے۔یہ تاریخی دن کشمیر اور پاکستان کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی مناتے ہیں۔13جولائی کی قربانیوں کی داستان آج تک کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو تازہ رکھے ہوئے ہے۔
یہی واقعہ دراصل تحریک آزادی کی بنیاد بنااوریہی وہ ناقابل فراموش دن ہے جب کشمیریوں نے عہد کیا کہ وہ ہر قیمت پر آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔13جولائی کے اس سفاکانہ واقعہ کے بعد بھی 9 دہائیوں سے کشمیری عوام ہندو راشٹرا کے ریاستی جبر و ستم کا شکار رہے مگر ہمت نہیں ہاری۔ہر سال 13جولائی کو دنیا بھر میں شہدائے کشمیر کو زبردست طریقے سے خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔کشمیری اس عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں کہ وہ ہندوستانی جبر و استبداد سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔
13جولائی کا دن بلاشبہ کشمیریوں کے عزم و حوصلے اور جدوجہد کا نشان ہے۔5اگست2019کے بعد سے کشمیریوں کا بے جاقتل،جعلی مقابلے، گرفتاریاں اور گھروں پر چھاپے روز کامعمول بن چکے ہیں۔5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدام کو نہ کشمیریوں نے تسلیم کیا ہے اور نہ ہی دنیا نے۔2019 میں مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں یوم شہدا کی تعطیل ختم کرنے کا اعلان کر کے کشمیریوں کی تاریخ کی توہین کی اور بھارتی حکومت نے 26 اکتوبر کو نام نہاد ‘یومِ الحاق’ کے موقع پر سرکاری تعطیل منانے کا اعلان کیا گیا۔
ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاست سے نفرت بڑھ رہی ہے۔اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری اپنے حق کیلئے جائز جدوجہد کر رہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر پر 10لاکھ بھارتی فوجی مسلط ہیں۔جن میں سے 3 لاکھ فوجی محض سری نگر پر قابض ہیں۔بھارتی درندوں کے ہاتھوں بے شمار ماورائے عدالت ہلاکتوں اور 11,255 سے زائدخواتین کی عصمت دری کے واقعات نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
ماہِ رواں ماہ بھی مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارتگری جاری ہے اور 35لوگوں کو بلاوجہ شہید کرد یا گیا۔9افراد کو پکڑ کر جان سے مار دیا گیا۔104افراد کو بغیر کسی جرم کے گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کیا گیا۔6عمارتوں کو مسمار، 2عورتوں کو بیوہ اور 6بچوں کو یتیم کر دیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلوں اور حبس بے جا میں ماورائے عدالت کئی کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔
شہدا ء کا یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیریوں کی آزادی کا خواب ایک دن ضرور پورا ہو گا۔ہندوستان متنازعہ علاقے کو مسلم اکثریتی ریاست سے ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے پر تُلا ہوا ہے۔جو جنیوا کنونشن4کے آرٹیکل 49کی خلاف ورزی ہے۔
اس تنازعے کے باعث آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک سنگین انسانی بحران ہے جس کا کوئی عالمی برادری نے ہی لینا ہے۔ان تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود بھی بھارت کشمیریوں کی شناخت اور تاریخ مسخ کرنے میں ہمیشہ ناکام رہا ہے۔آج دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم پر سراپا احتجاج ہیں۔کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضہ کے تلخ حقائق کچھ یوں ہیں کہ1989سے لے کر اب تک96089لوگوں کو بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔7244لوگوں کو پکڑ کر جان سے مار دیا گیا۔164931لوگوں کو گرفتار کر کے پابندِ سلاسل کیا گیا۔110484گھروں، عمارتوں اور دفاتر کو بلاجواز مسمار کر دیا گیا۔ ان33سالوں میں 22946عورتیں بیوہ ہوئیں107866بچے یتیم ہو گئے اور1255عورتوں کا جنسی استحصال کیا گیا۔
جنگ آزادی میں نوجوان خون کی شمولیت سے بھارت بوکھلا گیا ہے۔8 جولائی 2016 کو برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونکی۔برہان وانی اور مقبول بٹ جیسے ہزاروں ہیروز کی جرأت و ثابت قدمی کشمیری حریت پسندوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔حالیہ سالوں میں پاکستان کی مؤثر سفارت کاری کے باعث مسئلہ کشمیر دنیا بھر کے ایوانوں میں اٹھایا گیا ہے۔
ایک اور گھناؤنی چال یہ تھی کہ مقبوضہ کشمیر میں G20 ممالک کے اجلاس کا انعقاد کیا۔ہندوستان دُنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے جی ۔20 ممالک کے اجلاس کا ڈرامہ مقبوضہ کشمیر میں رچانا چاہتا ہے۔ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں یہ اجلاس منعقد کر کے اقوامِ متحدہ کی ساکھ کو مجروح کرنے سے باز رہے۔ جی ۔20 ممالک کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو مدِ نظر رکھنا چاہیے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنماؤں نے جی ۔20 ممالک پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں منعقد ہونے والی گروپ کانفرنس میں شرکت سے گریز کریں۔ مقبوضہ کشمیر جہاں ہزاروں کشمیری غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں اور بھارتی فوج روزانہ کی بنیاد پر جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہی ہے یہ کسی بھی بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کیلئے موزوں مقام نہیں ہے۔ جی ۔20 ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کو روکا جائے اور اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو حق دلائے ۔
بھارت دُنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے جو کشمیری قوم کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لئے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے لیکن ہر با ر اسے ناکامی کا سامنا رہا۔بھارت کی کشمیریوں کے ساتھ دھوکا دہی کی لمبی اور شرمناک تاریخ ہے جو کشمیر کے عوام نہیں بھول سکتے۔