یوم عاشورہ ٹریفک پلان ،شہر بھر میں افسران سمیت 930 اہلکار تعینات

22

راولپنڈی ۔4جولائی (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے یوم عاشور کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کرتے ہوئے شہر بھر میں افسران سمیت 930 اہلکاروں کی تعیناتی کردی ہے ۔سی ٹی پی ترجمان کے مطابق عاشور کے جلوس پر ٹریفک پولیس کے 01 سینئر ٹریفک آفیسر ، 10 ڈی ایس پیز ، 72 سینئر ٹریفک وارڈنز اور 850 ٹریفک وارڈنز و اسسٹنس سمیت 930 سے زائد افسران و ملازمان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھنے کے لئے بھی خصوصی ٹریفک انتظامات کئے گئے ہیں۔ یوم عاشور کے دن کمیٹی چوک سے اقبال روڈ ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند ہو گا، ڈی اے وی کالج چوک پر مکمل ڈائیورشن ہو گی جہاں سے کالج روڈ کی طرف ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا جبکہ ماتمی جلوس کے نیا محلہ پہنچنے پر ڈی اے وی کالج چوک سے فوارہ چوک کی طرف بھی ٹریفک کے داخلہ پر پابندی ہو گی۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر ماتمی جلوسوں کو ٹریفک کے حوالے سے مکمل اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی ۔اس سلسلے میں پبلک سروس ٹرانسپورٹ کو ڈی اے وی کالج چوک سے واپس بھجوا دیا جائے گا جبکہ دیگر ٹریفک کو گوالمنڈی سے ڈھوک کمہار سے بھوسہ گودام کی طرف موڑا جائے گا۔ مشرق ہوٹل سٹی صدر روڈ پر ڈائیورشن لگا کر ٹریفک کو واپس صدر اور موہن پورہ کی طرف موڑا جائے گا جہاں سے ٹریفک سینما چوک سے ہوتی ہوئی براستہ گنجمنڈی روڈ سے پیرودھائی کی طرف جائے گی ۔اسی طرح سینما چوک سے کشمیری بازار ٹریفک کو نہیں جانے دیا جائے گا اور تمام ٹریفک براستہ ٹرانزٹ کیمپ صدر کی طرف جائے گی۔ تھانہ سٹی کے قریب بھی ڈائیورشن لگا کر آنے والی ٹریفک کو گنجمنڈی روڈ کی طرف موڑا جائے گا جو کہ براستہ ڈھوک حسو پیرودھائی کی طرف جائے گی ۔

شاہ اللہ دتہ روڈ پر بھی ڈائیورشن ہو گی جہاں سے ٹریفک کو ڈھوک دلال ، ٹی بی ہسپتال ، پیر ودھائی اور اصغر مال کی طرف بھیجا جائے گا۔ بیکری چوک کے پاس ڈائیورشن لگا کر بنی چوک اور لنک روڈ کی طرف بھجوایا جائے گا جو کہ براستہ سید پور روڈ، سرکلر روڈ سے ہوتی ہوئی مری روڈ سے لیاقت باغ کی طرف آئے گی۔ ہملٹن چوک اور بانسوالا چوک پر ڈائیورشن لگا کرڈنگی کھوئی اور جامع مسجد پر ٹریفک کو نہیں آنے دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ پیر چوہا چوک پر ڈائیورشن لگا کر قدیمی امام بارگاہ بلتستانیہ کی طرف آنے والی ٹریفک کو مکمل بند کیا جائے گا جبکہ سیٹلائیٹ ٹاؤن سے برآمد ہونے والے جلوس کے موقع پر امام بارگاہ یادگار حسین کے دونوں اطراف تھانہ نیوٹاؤن ، پنجاب کالج آف کامرس ، حیات ولی ہسپتال، عزیز نرسنگ ہوم ، بنی چوک جانب کوہاٹی بازار ، روشن بیکری ، کالی ٹینکی چوک

اصغر مال کالج ، بنی مارکیٹ اور دیگر مختلف مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا ۔سی ٹی او بینش فاطمہ نے ٹریفک پولیس کو ہدایات دی ہیں کہ تمام افسران و جوان الرٹ رہ کر ٹریفک کی روانی اور سیکورٹی کو ہر صورت یقینی بنائیں اور ٹیم ورک کے ساتھ کام کرتے ہوئے ٹریفک کو متبادل راستوں پر رواں دواں رکھتے ہوئے ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کروائیں۔