لاہور۔17جولائی (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہدائے کربلا اور سید الشہدا حضرت امام حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم عاشور سچائی اور جھوٹ کے درمیان لکیر کھینچنے کا دن ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار اور ان کے عظیم المرتبت جاں نثاروں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی قیادت میں اللہ تعالی کے احکامات اور دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سربلند کیا ۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور طاقت کی بنیاد پر اقتدار کی ہوس میں اندھے ٹولے نے دین اسلام کے بنیادی اصولوں کو بدلنے کی کوشش کی جسے 72 سواروں کے ہمراہ امام عالی مقام نے ناکام بنا دیا ،اسی لئے ہمارا ایمان ہے کہ قتل حسین اصل میں مرگ یزید ہے، اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد ۔
انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین کا راستہ سچائی کا راستہ ہے، جھوٹے یزید کے پیروکار ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات دنیا اور آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدائے کربلا کے درجات کو بلند سے بلند فرمائے اور ہم سب کو ان کا سچا پیروکار بنائے۔