یوم عاشور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا پیغام

28
یوم عاشور لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا پیغام

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسینؓ نے 10محرم الحرم کو اپنی جان قربان کرکے کربلا کے میدان میں حق و باطل کا فرق واضح کر دیا۔انہوں نے کہا کہ اسوۂ حسینیؓ پر چل کر ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول ﷺ نے دین کی پاسبانی کاحق ادا کر دیا، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ فلسفہ شہادت حضرت امام حسین ؓ کو اُس کی روح کے مطابق سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر و رضا کا درس دیتا ہے اور حضرت امام حسین ؓکی تعلیمات پر عمل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم عملی طور پر اتفاق، رواداری اور تحمل مزاجی کو اپنائیں کیونکہ انہی سنہری اصولوں پر چل کر معاشرے کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے۔

دریں اثناء استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے صدر رانا نذیر احمد خان، مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری، جنرل سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے الحاج محمد شعیب صدیقی نے بھی یوم عاشور پر امن و امان بر قرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 10محرم الحرام سارے عالم اسلام کے لئے یکساں احترام اور اہمیت کا حامل ہے،

ہمیں آج کے دن اسوۂ حسینی کو اپنانے، باہمی یگانگت اور بھائی چارے کے فروغ کا عہد کرنا ہوگا اور ملکی سالمیت کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔