یوم عاشور پر انتظامیہ،سیاسی قیادت، مذہبی عمائدین کی بدولت امن و امان کی صورتحال مثالی رہی،کمشنرملتان

20

ملتان ۔ 07 جولائی (اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا کہ یوم عاشور پر انتظامیہ،سیاسی قیادت اور امن کمیٹی سمیت مذہبی عمائدین کے عزم اور اقدامات کی بدولت امن و امان کی مثالی صورتحال رہی۔مکتان ڈویژن کے باسیوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ وہ امن کے داعی ہیں اور کسی شرپسندی کی حمایت نہیں کرتے۔انہوں نے انتظامیہ ، پولیس، میونسپل کارپوریشن ، میپکو،ریسکو 1122, سوپ ڈیفنس اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ محرام الحرام پر مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور فول پروف انتظامات پر تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم عاشور کے مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ میں امن کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے تمام جلوس بروقت اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہونا موثر اقدامات کی بدولت ہے، شہر کی فضاءکو پر امن بنانے میں تمام سٹیک ہولڈرز کا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے موقع پر ہر قسم کی شر پسندی سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جس کے نتیجے میں عزاداری کے تمام مراحل بخوبی سر انجام پاگئے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہر نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی گئی اور تمام عبادت گاہوں سمیت حساس مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی گئی۔