یوم عاشور پر پورے ملک میں 4836 جلوس ، 5480 مجالس ہوں گی، 1301 علاقے انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں، ترجمان وزارت داخلہ

34

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزرات داخلہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یوم عاشور پر پورے ملک میں آج 4836 جلوس نکالے جا رہے ہیں، 5480 مجالس ہوں گی، 1301 علاقے انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ ترجمان وزارت داخلہ نے اتوار کو جاری بیان میں بتایا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ہدایت پراسلام آباد میں مرکزی مانیٹرنگ سیل کا صوبائی حکومتوں کے کنٹرول رومز سے مسلسل رابطہ اور اطلاعات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے- ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا لمحہ بہ لمحہ صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال سے مسلسل اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان وزارت داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں یوم عاشور پر سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں- اسلام آباد میں آج 54 مجالس، 12 جلوس جبکہ پنجاب میں 2502 مجالس اور 3025 جلوس نکالے جا رہے ہیں۔سندھ میں عزادار 1040 مجالس ، 1039جلوس اور خیبرپختونخوامیں 735 مجالس و 257 جلوس نکال رہے ہیں- بلوچستان میں 32 مجالس، 24 جلوس، گلگت بلتستان میں 1070 مجالس،141 جلوس اور آزاد کشمیر میں 47 مجالس ،41 جلوس انعقاد پذیر ہوں گے-

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 9 ویں محرم کی طرح یوم عاشور پر بھی امن و امان کے لیے تمام فورسز اور انتظامیہ ہائی الرٹ ہیں۔ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت اور فرقہ واریت پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ یوم عاشور پر موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ انشااللہ عاشورہ محرم بخیر و عافیت گزرے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فوج، رینجرز، پولیس،انتظامیہ اور دیگر اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔