23 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومعلاقائی خبریںیوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی...

یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین، تیلی محلہ سے برآمد ، فول پروف سکیورٹی انتظامات

- Advertisement -

راولپنڈی۔6جولائی (اے پی پی):یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین، تیلی محلہ سے برآمد ہوا جس کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے انتہائی موثر اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بابر سرفراز الپا، سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی اور دیگر سینئر افسران خود جلوس کے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 8000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ مرکزی جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 5500 سے زائد اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 1000 اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ 1000 سے زائد تربیت یافتہ رضاکار بھی سکیورٹی اہلکاروں کی معاونت کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

جلوس کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں جبکہ جلوس یا مجالس میں شرکت کرنے والے افراد کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ آر پی او راولپنڈی کے مطابق سیف سٹی راولپنڈی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے جلوس کی 2000 سے زائد سیف سٹی و دیگر کیمروں کے ذریعے ہمہ وقت مانیٹرنگ جاری ہے۔

جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئے ہیں جن میں روف ٹاپ پر ماہر نشانہ بازوں کی تعیناتی، گلیوں، سڑکوں اور متبادل راستوں کو مکمل طور پر سیل کرنا، داخلی و خارجی راستوں پر مسلح نفری کی موجودگی شامل ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جلوس و مجالس کے پر امن انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن پر دیں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں