راولپنڈی۔5جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ یوم عاشور کے موقع پر مری میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کو جلوسوں کے روٹس پر تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے راستوں پر پانی کی سبیلیں لگا دی گئی ہیں اور صفائی ستھرائی کے لیے عملہ ہر وقت موجود رہے گا۔ شہری سہولت کے لیے سترہ میل، لوئر ٹوپہ، جھیکا گلی، سنی بینک، جی پی او چوک، کشمیر پوائنٹ اور کلڈنہ پر خصوصی سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کنٹرول رومز چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کے راستوں کی مسلسل نگرانی کی جاری ہے۔\
ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ یوم عاشور پر امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عاشورہ پر مکمل طور پر پرامن ماحول میسر ہو۔