لاہور۔23مارچ (اے پی پی):یوم پاکستان کے موقع پر مینارپاکستان رنگ برنگے برقی قمقموں اور چاند و ستاروں سے جگمگا اٹھا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر یوم پاکستان کی مناسبت سے گزشتہ روز پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی(پی ایچ اے) کی جانب سے لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں لیزر لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا۔ترجمان پی ایچ اے کے مطابق لیزر لائٹس سے مینار پاکستان پر قومی پرچم میں چاند تارا بھی بنایا گیا۔
لیزر لائٹ شو کے دوران گریٹر اقبال پارک ملی نغموں سے گونجتا رہا جبکہ یوم پاکستان کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے لیزر لائٹ شو دوروز جاری رہے گا ۔پہلی مرتبہ منٹو پارک میں قرار داد پاکستان پیش کرنے والوں کو روشنیو ں سے جگمگاتا خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ رات گئے مینار پاکستان سبز اور سفید روشنیوں سے جگمگا اٹھا،دور سے دیکھنے پر مینار پاکستان کا ہر حصہ قومی پرچم کے رنگ میں بدل گیا اور قراداد پاکستان کی یاد گار مینار پاکستان پر لیزر لائٹ سے قومی پرچم کی شبیہ دکھائی دے رہی تھی جس سے مینار پاکستان پر جگمگاتی سفید اور سبز روشنیوں نے سماں باندھ دیا۔
پی ایچ اے نے لیز لائٹ کی مدد سے مینار پاکستان کے تعمیراتی ڈیزائن کو نمایاں کیا ،مینار پاکستان کے ڈیزائن میں نمایاں فرشی ستارہ اور تعمیراتی ڈیزائن لیز لائٹ کی روشنیوں میں جگمگانے لگے جس نے دیکھنے والو ں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔شہریوں کی بہت بڑی تعداد لیز لائٹ شو دیکھنے کیلئے گریٹر اقبال پارک میں امڈ آئی۔مینار پاکستان کے ارد گرد لیز لائٹ سے ٹمٹماتے تارے سہانا منظر پیش کر رہے تھے۔
اسی طرغ شاہی قلعہ، میوزیم، پنجاب اسمبلی، جی پی او اور دیگر قدیمی عمارتو ں پر سبز ہلالی قومی پرچم کی طرح سبز لائٹیں روشن کی گئیں۔شہریوں نے یادگار پاکستان کو لیزر لائٹ سے قومی پرچم کی شکل میں روشن کرنے اور لیزر لائٹ شو منعقد کروانے پر وزیراعلی مریم نواز کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد یہ نظارہ دیکھنے کیلئے یاد گار پاکستان پہنچی اور ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ لیزر لائٹ کا استعمال کرتے ہوئے مینار پاکستان کو سبز ہلالی پرچم میں ڈھال دیا گیا ہے جسے دیکھ کر وہ بہت خوش ہیں۔
متعدد شہریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے مینار پاکستان کے افق پرسفید اور سبز جگمگاتے تاروں کی برآت امڈ آئی ہے ۔لوگوں نے وزیر اعلی پنجاب کی اس کاوش کو بھرپور سراہا اور پوری رات مینار پاکستان کو دیکھنے کیلئے شہر بھر کے دور دراز علاقوں کے عوام نے گریٹر اقبال پارک کا رخ کیا جو اس منفرد، دلفریب اور خوبصورت نظارے سے لطف اندوز ہوتے رہے جبکہ اس موقع پر پنجاب حکومت کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575608