اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):سابق ممبر قومی اقلیتی کمیشن البرٹ ڈیوڈ نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم پاکستان مادر وطن کے ساتھ غیر مشروط اظہار یکجہتی اور تجدید عہد کا دن ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو دہشت گردی سمیت درجنوں دیگر سنگین مسائل درپیش ہیں جن کا ہم سب نے متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اداروں اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں، افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی گرانقدر قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
البرٹ ڈیوڈ نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج ملک دشمنوں اور دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کررہی ہیں لیکن یہ بات باعث افسوس ہے کہ بعض شر پسند افواج پاکستان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، ہم دوٹوک الفاظ میں ان شرپسندوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ افواج پاکستان کے خلاف مہم ناقابل برداشت ہے اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا وطن عزیز کو درپیش موجودہ داخلی اور خارجی چیلنجز کا حل صرف اور صرف بلاامتیاز رنگ، نسل مذہب قومی اتحاد اور یکجہتی میں ہے۔ سابق ممبر قومی اقلیتی کمیشن نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اپنے سیاسی اور ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دفاع وطن کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہوکر دشمنوں کامقابلہ کرنا ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575696