لاڑکانہ۔23مارچ (اے پی پی):سابق وفاقی وزیراور سماجی رہنما زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ یوم پاکستان 23مارچ کی تقریبات ملک بھر میں بڑے جوش وجذبے کے ساتھ منائی گئیں، اس دن کی مناسبت سے پاکستان کے تحفظ، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں دشمن کو دفاع وطن کے مضبوط ہونے کا ٹھوس پیغام دینا ہے، جس کے لئے سیاسی انتشار سے گریز اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اپنے بیان میں زبیدہ جلال نے کہا کہ یوم پاکستان 23مارچ 1940کے موقع پر دنیا کے نقشے پر پاکستان کے منظر عام پر آنے کی نویدسنائی گئی تھی،نظریہ پاکستان کی آبیاری اور تحفظ کا فریضہ ادا کرتے ہوئے پاکستانی قوم بھرپور انداز میں 23مارچ کا دن مناتی ہے، یوم پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر پوری قوم نے متحد ہونے کا ثبوت دیا ہے ، قوم اور عساکر پاکستان ملک کی سالمیت کے خلاف دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے گھنائونے ایجنڈے کو ناکام بنانے کیلئے کمربستہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 23 مارچ 1940ءکا دن ملکی تاریخ اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے، اس دن کو مسلمانان برصغیر نے قائداعظم کی قیادت میں اپنے لئے واضح نصب العین کا تعین کیا تھا، پاکستان کے نام سے معرض وجود میں آنے والی اسلامی جمہوری مملکت لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔