اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):84ویں یوم پاکستان کے موقع پر سنیگال کے شہر ڈاکار میں پاکستانی سفارتخانے میں ہفتہ کو ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں ڈپلومیٹک کور کے ارکان، حکومت کے حکام، تاجر، سول سوسائٹی کے ارکان، فرنڈز آف پاکستان اور سینیگال اور گیمبیا سے پاکستانی تارکین وطن نے شرکت کی۔عبدالکریم فوفانہ وزیر تجارت، امور صارفین اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور جمہوریہ سینیگال کی حکومت کے ترجمان استقبالیہ کے مہمان خصوصی تھے۔
سفیر سید نے اپنے خطاب میں پاکستان کے ساتھ خاص طور پر سینیگال کی دلچسپی کے شعبوں جیسے کہ ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، کھیلوں کے سامان، زراعت اور زرعی مشینری کے بارے میں گفتگو کی۔مارچ میں خواتین کے عالمی دن کے پیش نظرسفیر سید نے شیشے کی چھت کو توڑنے اور پاکستانی خواتین کی نوجوان نسل کے لیے راہیں کھولنے میں پاکستانی خواتین کے مضبوط اور متنوع کردار پر روشنی ڈالی۔ استقبالیہ میں متحرک پاکستانی خواتین کی ایک نمائش بھی لگائی گئی۔ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں پاکستان سینیگال کے درمیان گزشتہ برسوں کے دوران باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔
وزیر تجارت نے اپنے خطاب میں پاکستان کے قومی دن کے موقع پر سینیگال کے صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان سینیگال تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔سفیر سید نے وزیر تجارت کے ساتھ ڈپلومیٹک کور کے ڈین اور دیگر سفیروں کے ساتھ کیک کاٹا۔
اس کے بعد سفیر سید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دعوت دی کہ وہ ان کے لیے تیار کردہ پاکستانی پکوانوں خصوصاً جلیبی سے لطف اندوز ہوں۔گیمبیا میں پاکستان کے اعزازی قونصل اور گیمبیا میں پاکستانیوں کی ایسوسی ایشن کے صدر نے بھی استقبالیہ میں شرکت کی۔ تقریب میں بھرپور شرکت کی گئی اور مہمانوں نے ممتاز پاکستانی خواتین کی یوم خواتین کی نمائش اور پاکستانی سفارت خانہ ڈاکار کی مہمان نوازی کو سراہا۔