کوئٹہ۔ 23 مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہمیں اتحادو اتفاق اور یکجہتی کا درس دیتا ہے ،ہمارے آبائواجداد کی دن رات کی محنت ،جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان کا قیام عمل میں آیا ،وطن عزیز کے تحفظ اور بقا کی خاطر جانوں کی قربانی دینے والے شہداء ہمارے قومی ہیروز ہیں ،پوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے قومی قیادت کے ساتھ کھڑی رہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان پیش ہوئی یہ دن ہماری قومی تاریخ کا انتہائی اہم اور ناقابل فراموش دن ہے ،یہ دن جہاں ہمیں ہمارے اسلاف کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے وہاں یہ دن ہم سے خود احتسابی کا بھی تقاضا کرتا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام ہمارے بزرگوں کی دن رات محنت ،جدوجہد اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے ،یوم پاکستان ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ملک و قوم کو درپیش مسائل ،چیلنجز اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے اپنی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کا احساس کریں ،انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان اور کے پی میں دہشت گردی کے واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں یہ حالات ہم سے اتحاد ۔
اتفاق اور قومی یکجہتی و ہم آہنگی کا تقاضا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ مخلوط صوبائی حکومت صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575741