اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود خان اور آل کشمیر نیوز پیپرز ایسوسی ایشن ( اے کے این اے) کے اراکین اور نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی ارشد منیر، ڈی جی پی آئی ڈی عنبرین گل، صدر اے کے این اے امجد چودھری اور سول سوسائٹی اور دیگر میڈیا ایسوسی ایشنز کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی مشعال ملک نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور جموں و کشمیر کے عوام کو انصاف اور امن کی فراہمی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی تحریک آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش میں نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، حراست میں تشدد، کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، بچوں اور خواتین کے خلاف تشدد، جبری گمشدگیوں، پیلٹ گنز، اجتماعی سزا، کالے قوانین، فالس فلیگ آپریشنز جیسے غیر قانونی، غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔
انہوں نے آبادیاتی منظر نامے کو تبدیل کرنے اور مسلم اکثریت کو خطے میں اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر قانونی ہندو بستیوں کے قیام کے مودی کے اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت کی طرف سے غیر کشمیریوں کو کشمیری ڈومیسائل کے اجراء میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مشعال ملک نے پرامن کشمیری قیادت کے غیر منصفانہ اور غیر قانونی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ کشمیری رہنما یا تو جیلوں میں بند ہیں یا گھروں میں نظر بند ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی قبر کو بھارت نے سب جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے مودی حکومت کا کشمیری رہنما یاسین ملک کو جھوٹے اور من گھڑت الزامات کو جواز بنا کر جانبدارانہ قانونی کارروائی کے ذریعے سزائے موت سنانے کی کوشش پر دنیا سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان بھارتی دہشت گردی کی کارروائیوں کا نشانہ ہے اور پاکستان کے اندر ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ایس ایس کے دہشت گرد نیٹ ورک کی عالمی رسائی عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔ ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر طارق محمود نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہ تقریب منفرد نوعیت کی ہے جس کا انعقاد حکومت پاکستان اور کشمیر میڈیا مل کر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھارہا ہے، اگر ہندوستان کو لگتا ہے کہ وہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا سکتا ہے تو یہ ناممکن ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے کے این ایس کے صدر شہباز چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی اس لازوال محبت کے قرض دار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ حکومت اور عسکری قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس دن کو ایک نئے جذبے سے منانے کا آغاز کیا ہے۔
اے کے این ایس کے فنانس سیکرٹری جاوید چوہدری نے کہا کہ اس خطے میں جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہو گا امن قائم نہیں ہو گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم روز اول سے اس تحریک کیساتھ وابستہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے۔سیمینار میں دانشور حضرات، سول سوسائٹی، وکلاء اور کشمیری صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔