اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر پرصدر استحکام پاکستان پارٹی اوروفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کشمیری قوم سے اظہار یکجہتی کے پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کے خلاف آواز بلند کر کے بھارت سرکار کو آئینہ دکھایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ بہادر کشمیری آج بھی روز اول کی طرح جذبہء حریت سے سرشار بر سر پیکارہیں،
ہر ابھرتا سورج آزادی کشمیر کی امید جبکہ ہر ڈوبتا سورج کشمیر پر بھارتی غاصبانہ تسلط کی گواہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کی تدبیر آزادی کشمیر کے لئے نا گزیر ہے۔ صدر آئی پی پی نے مزید کہا کہ نام نہاد سیکولرازم بھارت کے کھوکھلے اور مکارانہ دعوؤں کی داستان کے سوا کچھ نہ ہے،بھارت سرکار کی ہٹ دھرمی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے متوالوں کے خون سے آلودہ ہو چکی ہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ دور میں کشمیری قوم کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا بھارت سرکار کی فرسودہ وبیمار سوچ کی عکاسی ہے، خود ساختہ جمہوریت کی علمبردار مودی سرکار کے ہاتھ بے گناہ کشمیریوں کے حق آزادی کے خون سے رنگے ہیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج ساری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔