اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):بدھ کے روز یوم یکجہتی کشمیر پر وفاقی مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ نے اپنےایک پیغام میں کہا کہ کشمیری بہنوں ، بھائیوں اور بزرگوں نے کشمیر کی آزادی کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، کشمیری عوام نے ہندوستان کے ظلم اور بربریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے،آج پوری پاکستانی قوم ان کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم عہد کرتی ہے کہ ہم کشمیری بھائیوں کی آزادی کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اورہماری اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہمیشہ کشمیری بھائیوں کو حاصل رہے گی،پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ان مظلموں کے حق کے لیے آواز بلند کی جائے ۔ رانا ثناءاللہ نے کہاکہ ہندوستانی حکومت کشمیری عوام پر ظلم اور بربریت کی مرتکب ہے لہذا پوری دنیا ہندوستان کو مجبور کرے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے۔
انہوں نے کہاکہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہےاورکشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی خود ارادیت سے محروم کرنا ظلم اور بربریت ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہاکہ پاکستان، ہندوستان کے اس ظالمانہ فعل کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور اب وقت آ چکا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انشاءاللہ کامیاب ہوگی اور انہیں حق خودارادیت ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنا حق خودارادیت استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کریں گے،ہم کشمیر کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اور اپنے بھائیوں کو اس جدوجہد میں حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔