یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی

65

پشاور۔ 05 فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی۔ریلی میں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید اور کمشنر پشاور ریاض محسود سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی سیکریٹریٹ سے شروع ہو کر گورنر ہاؤس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاکستان اور کشمیر کے اٹوٹ رشتے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری فسطائیت اور مظالم کے خلاف اقدامات کرے اور مجرمانہ خاموشی ختم کرے۔انہوں نے مسلم امہ پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے لیے متحد ہو۔گورنر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ اسوقت تک کھڑا رہے گا جب تک کہ انہیں آزادی نہیں مل جاتی۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ظلم کے دن جلد ختم ہو جائیں گے اور اس معاملے پر تمام پاکستانی سیاسی یا نظریاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد ہیں۔انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر امید ظاہر کی کہ جلد ہی کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

ریلی سے صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ اور حریت رہنما اشتیاق وانی نے بھی خطاب کیا۔دریں اثنا، گورنر نے کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ان ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔گورنر کنڈی نے کشمیری عوام کے حقوق کے لیے پیپلز پارٹی کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ پارٹی ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کے لیے فوری توجہ دیں۔