یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین نے صحت کی خرابی کے باعث بنا عہدے سے استعفی دے دیا،ترجمان

250
Shahzad Ali Malik
Shahzad Ali Malik

لاہور۔ 11 جولائی (اے پی پی):یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے خرابی صحت کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ترجمان کے مطابق اپنے استعفی میں شہزاد ملک نے خرابی صحت کو اس فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔شہزاد علی ملک نے ان تاجر رہنماو ں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کی چیئرمین شپ کے دور میں انہیں بھر پور تعاون اور غیر متزلزل حمایت فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ ملک بھر کی تاجر برادری کی جانب سے بے پناہ حمایت اور تعاون پر انتہائی ممنون ہیں۔ شہزاد علی ملک کی قیادت میں یونائیٹڈ بزنس گروپ نے بزنس اور تجارت کے فروغ، اقتصادی ترقی اور کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے میں بہت زیادہ کامیابیاں حاصل کیں۔

شہزاد علی ملک کا استعفی ایک عہد کے خاتمے کی علامت ہے اور انہوں نے کاروباری برادری کی خدمت، لگن اور جدوجہد کی شاندار میراث چھوڑی ہے۔ تمام تر چیلنجز کے باوجود وہ تجارتی شعبے کے مفادات کے حصول کیلئے اپنے عزم پر قائم اور ثابت قدم رہے۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ کے مشن اور شہزاد علی ملک کے کام کو جاری رکھنے کیلئے نئے چیئرمین کی تعیناتی تک یو بی جی ایک عبوری مرحلے سے گزرے گا۔ بزنس کمیونٹی کے اس اعلی ترین فورم پر شہزاد علی ملک کی خدمات کو طویل عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔