یونان کشتی حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش ،نعشوں کی شناخت کےلئے کوششیں جاری رہیں گی، ترجمان دفتر خارجہ

112
دفتر خارجہ

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان نےیونان کے ساحل کےقریب سمندر میں کشتی الٹنے کے افسوسناک واقعہ پر جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور دیگر متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش، نعشوں کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کےلئے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ اس سانحہ میں متعدد پاکستانیوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے، ہمارے دل تمام متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم نے میڈیا کو اس حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کیا ہے، 104 زندہ بچ جانے والوں میں 12پاکستانی شہری بھی شامل ہیں اور وہ اچھی حالت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم جاں بحق اور لاپتہ ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق کرنے سے قاصر رہے ہیں، یونانی حکام نے 84 نعشیں برآمد کی ہیں، ان کی شناخت ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ متعلقہ حکام نے جہاز میں موجود مشتبہ افراد کے اہل خانہ سے ڈی این اے کے نمونے جمع کرنا شروع کردیئے ہیں اور وہ یونانی حکام کے ساتھ اس کا اشتراک کریں گے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ یونان میں پاکستانی مشن میں سفیر عمار آفتاب اور ان کی ٹیم نے لاپتہ یا ہلاک ہونے والے پاکستانی شہریوں کی تلاش اور ان کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے یونانی ہم منصب سے بات کی ہے جس میں لاپتہ افراد کی تلاش، نعشوں کی شناخت اور لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔