یونان کی شپنگ کمپنی کو ایرانی خام تیل سمگل کرنے پر 24 لاکھ ڈالر جرمانہ

62
شپنگ کمپنی

ایتھنز۔8ستمبر (اے پی پی):یونان کی ایک شپنگ کمپنی نے ایران سے خام تیل کی سمگلنگ کے الزام کے مقدمے میں جرم قبول کر لیا اور 24 لاکھ ڈالر جرمانہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا نے6لاکھ بیرل سمگل شدہ ایرانی تیل قبضے میں لے لیا۔

امریکا کی وفاقی عدالت کی دستاویزات کے مطابق یونان کی شپنگ کمپنی ایمپائر نیویگیشن کی درخواست پر معاہدے کے تحت اسے پروبیشن پر رکھے جانے پر اتفاق ہوا ہے۔ایران پابندیوں سے بچتے ہوئے بیرون ملک تیل کی فروخت جاری رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اسی تناظر میں یونان کی شپنگ کمپنی کا آئل ٹینکر ’’سویز راجان ‘‘امریکا اور ایران کے درمیان وسیع کشیدگی میں پھنس گیا ہے۔

فروری 2022 میں گروپ ’’یونائیٹڈ اگینسٹ نیوکلیئر ایران‘‘نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ خلیج عرب میں تیل کی تقسیم کے مرکزی ٹرمینل ایران کے جزیرہ خارک سے آئل ٹینکر تیل لے کر جا رہا تھا۔کئی مہینوں تک یونانی کمپنی کا بحری جہاز سنگاپور کے شمال مشرقی ساحل سے دور بحیرہ جنوبی چین میں موجود رہا اور پھر اچانک خلیج میکسیکو کی جانب روانہ ہو گیا۔ عدالتی دستاویزات سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ امریکی حکومت نے ٹینکر پر موجود تیل ضبط کر لیا ہے۔